GHAG

محمد صادق خان کا دورہ کابل، سفارتی روابط جاری رکھنے کا عزم

افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات

ابتدائی طور پر بات چیت تجارت اور ٹرانزٹ پر مرکوز تھی

پشاور(غگ رپورٹ) پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان اور افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی کے درمیان گذشتہ روز اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سلامتی اور پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی حیثیت سمیت جاری دو طرفہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سفارتی روابط جاری رکھے جائیں گے۔

پاک افغان تعلقات میں اتار  چڑھاؤ، طورخم بارڈر پر دونوں جانب سے فائرنگ اور بارڈر کی بندش جیسے واقعات کے موقع پر محمد صادق خان کا دورہ کابل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فریقین نے زیر التوا مسائل کے حل کے لیے مشترکہ ملاقاتوں اور وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے بعد محمد صادق خان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اعلی سطح کے رابطوں اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، انہوں نے افغانستان کے ساتھ جاری روابط اور باہمی فائدے مند تعلقات کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اگرچہ سلامتی کے خدشات بنیادی مسئلہ ہیں، لیکن ابتدائی طور پر بات چیت تجارت اور ٹرانزٹ پر مرکوز تھی، حالانکہ متنازع موضوعات بھی فوری حل کے بغیر اٹھائے گئے تھے۔

افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات، سیاسی و اقتصادی تعاون، ٹرانزٹ اور عوامی سطح پر تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(23 مارچ 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts