GHAG

کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب دھماکہ، تین افراد شہید، 21زخمی

 بم دھماکے سے پولیس موبائل، گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، ایک موٹرسائیکل میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو حکام

صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیرداخلہ محسن نقوی اور دیگر رہنماؤں کی مذمت

کوئٹہ (غگ رپورٹ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر پولیس وین کے قریب دھماکے کے نتیجے میں تین افراد شہید اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے دھماکے میں 3 افراد کے جاں بحق اور 21 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 3 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

حکومت بلوچستان نے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے، واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

صدر مملکت کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتوں جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس طرح کی قابل مذمت کارروائیاں دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کی عکاسی کرتی ہیں، مزید کہا کہ صدر مملکت زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ کی مذمت

وزیر داخلہ محسن نقوی نے جاری بیان میں دھماکے کی مذمت کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہم جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، مزید کہا کہ دشمن قوتیں بلوچستان کو نشانہ بنا رہی ہیں، ہم عدم استحکام پیدا کرنے کی اس گھناؤنی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔

(27 مارچ 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts