GHAG

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات،علی امین کا پلڑا بھاری، گروپ بندی عروج پر

تیمور جھگڑا سازشی قرار، عاطف خان کو صوبائی اسمبلی کا ٹکٹ خان نے نہیں دیا

اسدقیصر،شہرام ترکئی کو قومی اسمبلی خان نے بھیجا، کامران کو ٹکٹ میں نے دلوایا، علی امین گنڈاپور

تیمور جھگڑا کا جوابی وار، کون کمپرومائزڈ ہیں، سوالات کے جوابات دینے ہوں گے، سوشل میڈیا پر جنگ جاری

صوبائی احتساب کمیٹی پر بھی الزامات، بابرسلیم سواتی نے اعظم سواتی کو پیدائشی جھوٹا قرار دے دیا

پشاور(غگ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں اور سابق صوبائی وزیرخزانہ و صحت تیمورسلیم جھگڑا نے علی امین گنڈاپور کو کمپرومائزڈ قرار دیا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے بھی تیمور سلیم جھگڑا پر سازشی کا الزام لگا دیا ہے۔

دوسری جانب اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کے درمیان سخت اختلافات چل رہے ہیں، اعظم سواتی نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی پر غیرقانونی اقدامات کے الزامات عائد کیے اور انکے مطابق ثبوت بھی صوبائی احتساب کمیٹی کو جمع کرادیے ہیں۔ ردعمل میں بارسلیم سواتی نے اعظم سواتی کو پیدائشی جھوٹا قرار دیا ہے۔

اسکے علاوہ سابق صوبائی سینئر وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف خان اور وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے درمیان اختلافات ختم کرنے کیلئے مختلف رہنما متحرک ہیں تاہم ابھی تک انکے درمیان راضی نامہ بھی ممکن نہ ہوسکا۔ مشیراطلاعات بیرسٹرسیف کو بھی کابینہ سے ہٹانے پرکئی پارٹی رہنما سرگرم ہے۔ بیرسٹرسیف پر پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دینے کا الزام ہے۔

 سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصربھی علی امین گنڈاپور سے نالاں ہیں۔ اسد قیصرکا شکوہ ہے کہ سیاسی شخصیات سےبات چیت میں علی امین نےنظرانداز کیا۔ جنید اکبرنے بھی پارٹی کی صوبائی کابینہ سے علی امین کے قریبی ساتھیوں کوہٹادیا ہے اور علی امین مخالف گروپ کے رکن عاطف خان کو پشاور ریجن کا صدر جبکہ ارباب شیرعلی کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ علی امین نے بطور صوبائی صدر مذکورہ رہنماؤں کو پارٹی عہدوں سے ہٹایا تھا۔

شیر افضل مروت اور تیمور سلیم جھگڑا بھی آمنے سامنے

رکن قومی اسمبلی اور پارٹی سے نکالے گئے رکن شیر افضل مروت نے بھی کچھ روز قبل تیمور سلیم جھگڑا پر مالی بدانتظامی کا الزام لگایا تھا جس پر سابق وزیر خزانہ نے انہیں ایک ارب ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ’ شیر افضل مروت نے جس کے بھی ایما پر مجھ پہ بے بنیاد الزامات لگائے ہیں اُن کو یہ پیغام ہے کہ اب یا تو اپنے الزامات کو ثابت کریں یا پھر عدالت میں ملتے ہیں۔‘

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی خیبرپختونخوا عدیل اقبال نے اختلافات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کی قیادت میں اس وقت کچھ اختلافات ہیں تاہم یہ وقتی اختلافات ہیں،جلد دور کردیے جائیں گے۔

(4 اپریل 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts