GHAG

اوورسیز پاکستانیوں سے آرمی چیف کا اہم خطاب

عقیل یوسفزئی

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے اہم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے “سفیر” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف اپنے ملک کے سفیر ہیں بلکہ وہ ملک کی معیشت اور ترقی کے عمل میں بھی اہم اور مثبت کردار ادا کرتے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو “ہارڈ اسٹیٹ” بنایا جائے گا اور کسی کو بھی دہشت گردی، انتشار پسندی اور منفی پروپیگنڈا کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چند سو دہشت گردوں کی رحم و کرم پر بلوچستان سمیت ملک کے کسی علاقے کو نہیں چھوڑا جائے گا اور عوام کی بھرپور تعاون سے ان تمام عناصر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کے عوام اپنی افواج کی پشت پر کھڑے ہیں پاکستان کو کوئی بھی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اس کنونشن میں امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا سمیت دنیا کے تقریباً 50 ممالک سے اوورسیز پاکستانیوں کے نمایندوں نے وفود کی شکل میں شرکت کی۔ شرکاء کے نمائندوں نے پاکستانی ریاست کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے ریاستی شخصیات کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ بات خوش آئند ہے کہ اس ماہ اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ 4 ارب ڈالرز کی ترسیلات بھیج دی ہیں جو کہ ایک مخصوص سیاسی پارٹی کی چلائی گئی “مہم جوئی” کے بلکل برعکس ریکارڈ ثابت ہوا۔

دوسری جانب اس امریکی وفد نے بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے بیانیہ کو ” اڑاکر ” رکھ دیا جن سے توقع کی جارہی تھی کہ مذکورہ وفد پاکستانی ریاست پر “دباؤ” ڈالنے کا کوئی طریقہ اپنائے گا۔

حقیقت تو یہ ہے کہ پاکستان رواں برس (2025) کو پچھلے برس کے مقابلے میں مختلف شعبوں میں تیزی کے ساتھ بہتری کی راہ پر گامزن ہے اور مزید بہتری کی توقعات ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ منفی پروپیگنڈا میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے اور سیاست کی مجبوریوں کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں سے گریز کرکے آگے بڑھنے کا رویہ اختیار کیا جائے۔

(16 اپریل 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts