GHAG

فیلڈ مارشل کی امریکہ میں تھنک ٹینکس سے ملاقات، امن، ترقی اور تعاون پر زور

فیلڈ مارشل کی امریکہ میں تھنک ٹینکس سے ملاقات، امن، ترقی اور تعاون پر زور

راولپنڈی، 20 جون 2025 – آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں ممتاز اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور عالمی میڈیا کے نمائندوں سے کھل کر اور تفصیل سے بات چیت کی۔

امریکی تھنک ٹینکس اور اسٹریٹیجک امور کے اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے علاقائی و عالمی مؤقف اور تزویراتی سوچ کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا موقع ملا۔

اپنی گفتگو میں آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور ایک اصولوں پر مبنی عالمی نظام کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی حکمتِ عملی پر روشنی ڈالی اور یہ واضح کیا کہ کچھ علاقائی عناصر دہشت گردی کو ہائبرڈ وارفیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دی ہیں اور ہمیشہ عالمی امن کے لیے فرنٹ لائن پر کھڑا رہا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے بے پناہ مواقعوں کا ذکر کیا، خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، اور معدنیات کے شعبوں میں۔ انہوں نے بین الاقوامی شراکت داروں کو ان شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی تاکہ مشترکہ خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔

آرمی چیف نے خطے اور دنیا میں جاری تنازعات پر پاکستان کے متوازن مؤقف پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مذاکرات، سفارت کاری، اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تعاون پر مبنی سیکیورٹی فریم ورک کے قیام کے لیے ایک ذمہ دار اور سرگرم کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔

اس گفتگو میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات پر بھی غور ہوا۔ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایک باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع اور کثیرالجہتی شراکت داری کے امکانات پر زور دیا۔

شرکاء نے آرمی چیف کی گفتگو میں شفافیت اور واضح مؤقف کی تعریف کی اور پاکستان کی مستقل اور اصولی پالیسیوں کو سراہا۔ اس ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔

یہ ملاقات پاکستان کی شفاف سفارت کاری، عالمی تعلقات اور پرامن بقائے باہمی کے لیے اصولی اور متحرک مکالمے کے عزم کی عکاس ہے۔


Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts