GHAG

دیر بالا میں ایف سی پوسٹ پر حملہ اور فورسز کا ردعمل

دیر بالا میں ایف سی پوسٹ پر حملہ اور فورسز کا ردعمل

پشاور ( غگ رپورٹ ) دیر بالا کے علاقے برمل شاہی کوٹ میں کالعدم ٹی ٹی پی نے گزشتہ رات ایف سی کے ایک چیک پوسٹ پر نائٹ وژن سمیت دیگر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کرکے 6 سے زائد سیکورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا جبکہ سیکورٹی حکام کا موقف ہے کہ اس جھڑپ میں 10 سے زائد حملہ اور ہلاک کئے گئے ہیں اور یہ کہ علاقے کے عوام نے بھی اس مبینہ آپریشن میں فورسز کا ساتھ دیا ۔

گزشتہ رات کالعدم ٹی ٹی پی نے تقریباً ساڑھے دس بجے دعویٰ کیا کہ اس نے برمل شاہی کوٹ میں موجود ایف سی کی ایک پوسٹ پر حملہ کرکے نہ صرف نصف درجن سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کردیا ہے بلکہ پوسٹ کو قبضے میں بھی لیا ہے ۔ اس سے کچھ دیر بعد سیکورٹی حکام نے میڈیا کے رابطوں کے ردعمل میں بتایا کہ اس جھڑپ میں فورسز نے ایک درجن دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے اور یہ کہ علاقے میں سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن جاری ہے ۔حکام کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اس موقع پر علاقے کے عوام نے بھی فورسز کا ساتھ دیا ہے ۔ تاہم دوسری جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملے میں نائٹ وژن اسنائپر ہتھیار استعمال کئے گئے ہیں اور کسی کو بچ نکلنے کا موقع بھی نہیں ملا ہے ۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما اور سابق صوبائی وزیر عنایت اللّٰہ خان نے بھی ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ان مسلسل واقعات پر اظہار تشویش کیا جبکہ متعدد دیگر نے دعویٰ کیا کہ ایف سی کے بعض اہلکار لاپتہ ہیں ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل دیر بالا کے مختلف علاقوں میں فریقین کے درمیان شدید نوعیت کی جھڑپیں ہوتی رہی ہیں جبکہ دیر پائیں میں بھی کئی دنوں تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ حکام اس سلسلے کو باجوڑ آپریشن کا ردعمل قرار دیتے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ باجوڑ کے شورش زدہ علاقوں میں کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد دیر بالا اور دیر پائیں کی طرف نکل آئے ہیں جس کے باعث وہ ان علاقوں میں حملے کررہے ہیں تاہم علاقے کا گھیراؤ کیا گیا ہے اور ان کو چھوڑا نہیں جائے گا ۔

دوسری جانب لوکل میڈیا کے نمائندوں اور پشاور کے اخبارات کے کوریج کے مطابق گزشتہ روز لنڈی کوتل میں ایف سی جبکہ بنوں میں ایلیٹ فورس کے 2 اہلکاروں کو شہید کیا گیا جبکہ تیراہ ضلع خیبر میں ایک خود کش بمبار نے گاڑی ایک پوسٹ کے گیٹ سے ٹکرادی تاہم نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں ۔

حکام کے مطابق اسی دن لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک اور بڑے حملے کے دوران گلگت میں سکاؤٹس پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات زیر گردش ہیں ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts