جھڑپ میں پاک فوج کے میجر سمیت تین اہلکار شہید ہوئے، آئی ایس پی آر
پشاور ( غگ رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے شورش زدہ علاقے بکا خیل میں گزشتہ روز پہلے سے تاک میں بیٹھے خوارج نے سیکورٹی فورسز کے ایک گروپ پر اچانک فائرنگ کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر عاطف خلیل اور دو دیگر جوانوں کو شہید کردیا ۔ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کردیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق فوجی جوانوں کے ایک گروپ پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ ایک ٹارگٹڈ آپریشن کے لیے جارہے تھے اور پہلے سے تاک میں بیٹھے خوارج کے ایک گروپ نے ان پر فائرنگ شروع کردی ۔
فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان یہ جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس کے نتیجے میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور اس آپریشن میں فوجی ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنوں کے علاقے بکا خیل میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں 8 خوارج جہنم واصل، 7 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عاطف خلیل 2 جوانوں سمیت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید جوانوں میں نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک غضنفر عباس شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر عاطف خلیل کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے سدھنوتی سے تھا، شہید نائیک آزاد اللہ کرک اور لانس نائیک غضنفر عباس شہید لیہ کے رہائشی تھے۔
دوسری جانب فورسز نے بلوچستان کے علاقے ژوپ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔