GHAG

پاک افغان تعلقات بتدریج بہتر ہوں گے، محمد صادق خان

پاکستان اور افغانستان کے حالات ایک دوسرے پر اثرانداز ہوتے آئے ہیں

گلے شکووں کے باوجود بہتر اور دوستانہ تعلقات قائم کرنے کی ضرورت ہے

افغان اسٹوڈنٹس کو لاتعداد سکالرشپ دے رہے ہیں، پشاور میں خطاب

پشاور (خصوصی رپورٹ) افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی اور امریکہ سمیت متعدد ممالک میں سفیر کے طور شاندار فرائض سر انجام دینے والے محمد صادق خان نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود بہتر تعلقات کے قیام کو ناگزیر اور متوقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے حالات ہر دور میں ایک دوسرے پر اثرانداز ہوتے رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ گلے شکووں اور خدشات وغیرہ کے باوجود ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات کے قیام کو ممکن بنایا جائے کیونکہ ایسا ہونا نہ صرف دونوں پڑوسی ممالک کی ضرورت ہے بلکہ یہ ناگزیر بھی ہے۔ پشاور کی ایک یونیورسٹی میں پاکستان کی جانب سے لاتعداد افغان اسٹوڈنٹس کو علامہ اقبال اسکالرشپ کے تحت ڈگریاں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم افغان عوام خصوصاً اسٹوڈنٹس کے ساتھ ہر شعبے میں مدد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات ہر سطح پر بہتر ہو۔ اسی پالیسی اور جذبے کے تحت ہم نے ہزاروں افغان اسٹوڈنٹس کو سکالرشپ پروگرامز کے ذریعے تعلیم کی حصول میں مدد فراہم کی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کا امن خود ہمارے (پاکستان) کے مفاد میں ہے اگر وہاں استحکام اور امن ہوگا تو پاکستان پر اس کے مثبت سیاسی، معاشی اور سماجی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی حالات میں بتدریج بہتری واقع ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان جو گلے شکوے موجود ہیں ہم آپس میں بیٹھ کر ان کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے کیونکہ ہم  کئی مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر پشاور میں تعینات افغان قونصلر جنرل نے افغان اسٹوڈنٹس کو سکالرشپ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

(30 اپریل 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts