GHAG

ہم نے ہتھیار میوزیم میں سجانے کے لئے نہیں رکھے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری قوم متحد اور ایک صفحے پر ہیں

ہمارے اپنے اختلافات اپنی جگہ مگر دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے، خصوصی انٹرویو

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت اور جنگی جنون سے ہر سطح پر نمٹنے کےلئے پوری قوم ایک پیج پر ہے اور باہمی اختلافات سے قطع نظر یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ہم ایسے معاملات میں متحد ہو کر اپنے وطن اور ملک کے دفاع کے لئے لڑ سکتے ہیں۔

“پختون ڈیجیٹل” کے ساتھ خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی سے بھارتی عزائم اور بوکھلاہٹ واضح ہوگئی ہے حالانکہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ ایسا کرنا بھارت کے لیے ممکن نہیں ہے۔ پہلگام فالس آپریشن نے بھارتی بوکھلاہٹ اور پاکستان دشمنی کو پوری دنیا پر عیاں کردیا ہے تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز اور عوام نے مثالی اتحاد اور یکجھتی کا مظاہرہ کردیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم نے اپنے دفاع کے لئے جو ہتھیار حاصل کیے ہیں وہ ہم نے کسی میوزیم میں سجانے کے لئے نہیں رکھے ہیں۔ وقت آنے پر ہمارے دشمنوں کو پتہ چل جائے گا کہ ہم اپنا دفاع کس طرح کرسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ ایک ایسی سیاسی جماعت (پاکستان پیپلز پارٹی) سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پوری قوم کی حمایت سے نہ صرف پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی بلکہ میزائل ٹیکنالوجی کی ابتدائی حصول کو بھی ممکن بنایا اسی طرح ہماری پارٹی نے امن کے قیام کے لیے بے پناہ قربانیاں بھی دیں۔

(01 مئی 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp