مودی نے اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کی بجائے بہار کی انتخابی مہم میں جانا اہم سمجھا
انڈیا ماضی میں متعدد بار فالس فلیگ آپریشن کرتا رہا ہے، خصوصی انٹرویو
پشاور (غگ رپورٹ) ممتاز سفارتکار اور افغانستان کے لیے پاکستان کے سابق نمائندہ خصوصی آصف درانی نے پہلگام واقعہ پر بھارتی حکومت ، میڈیا اور ماہرین کے پاکستان مخالف مہم جوئی کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت متعدد بار پاکستان کو پریشر میں لانے اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ماضی میں اس نوعیت کے متعدد فالس فلیگ آپریشن کرتا رہا ہے اور غالباً اسی کا نتیجہ ہے کہ عالمی برادری اور میڈیا حالیہ واقعے اور بھارتی موقف کو اسی تناظر میں دیکھتے ہوئے اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف نہ صرف یہ کہ بھارت کے ساتھ کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں بلکہ اس نے پاکستان کی جانب سے کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش پر بھی خاموشی اختیار کی ہے جو کہ اس جانب اشارہ ہے کہ اس کا مقدمہ اور بیانیہ یا تو بہت کمزور ہیں یا یہ حملہ اس نے ماضی کے بعض دیگر فالس فلیگ آپریشن کی طرح خود کرایا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مودی کی غیر سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اسی واقعے پر بلائی گئی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کی بجائے بہار کی انتخابی مہم میں شریک ہونا لازمی سمجھا۔ دوسری بات یہ ہے کہ چند منٹوں کے اندر جس طریقے سے پاکستان کو ملوث قرار دیا گیا اور ایف آئی آر درج کرائی گئی اس تمام صورتحال نے انڈیا کو ایکسپوز کردیا اور اسی کا نتیجہ ہے کہ عالمی برادری سمیت کوئی بھی بھارتی دعوؤں پر اعتماد نہیں کررہا۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون پورے خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے اور اس کی مجوزہ جارحیت پر پوری دنیا سے آوازیں آٹھ رہی ہیں۔
(4 مئی 2025)