پاکستان کی طاقتور ترین شخصیت بھارت کا مقابلہ کرنے کے لیے فرنٹ سے لیڈ کرکے مثال قائم کی، رپورٹ
جنرل عاصم منیر نے پہلگام حملے کے بعد واضح طور پر نظریاتی الفاظ میں بات کی، نیویارک ٹائمز
پشاور(غگ خصوصی رپورٹ) امریکی اخبار نیویارک ٹائمزنے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے بعد جنرل عاصم منیرنے فرنٹ سے لیڈ کر کے مثال قائم کردی۔
نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جنگی مشقوں میں جنرل عاصم منیرنےٹینک پرچڑھ کرجوانوں سےخطاب کیا۔نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ آرمی چیف نے کہا کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیاجائےگا، جنرل عاصم منیربھارتی جارحیت کیخلاف سخت مؤقف رکھتےہیں۔امریکی جریدے نے مزید لکھا کہ آرمی چیف عاصم منیر کا ردعمل کسی بھی سیاسی اندازے سے زیادہ لگتا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان کی طاقت ور ترین شخصیت نے پس منظر میں رہنے کو ترجیح دی، اپنی عوامی پروفائل کو سختی سے کنٹرول کیا، اور بیانات کو زیادہ تر فوجی تقریبات میں خطابات تک محدود رکھا۔
لیکن تقریباً دو ہفتے قبل بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں مہلک دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
پہلگام قصبے کے قریب دو درجن سے زائد ہندو سیاحوں کی ہلاکت کے بعد جب بھارت میں زبردست ردعمل کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے تو جنرل منیر نے اپنی سخت گفتگو سے پاکستان کے لہجے کو مزید تبدیل کر دیا ہے۔
گزشتہ جمعرات کو فوجی مشق کے دوران ایک ٹینک کے اوپر کھڑے ہو کر جنرل عاصم منیر نے میدان میں موجود فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے، بھارت کی جانب سے کسی بھی فوجی مہم جوئی کا فوری، پرعزم اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق یہ پاکستان کے اس عزم کا حوالہ تھا کہ وہ کسی بھی بھارتی حملے کا مقابلہ کرے گا یا اس سے آگے بڑھ کر جواب دے گا۔
پاکستان کے آرمی چیف کا جواب سیاسی حساب کتاب سے بڑھ کر معلوم ہوتا ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر اپنے عوامی امیج کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرتے ہیں، لہٰذا وہ غیر تحریرشدہ تبصروں سے گریز کرتے ہیں، ان کی تقاریر زبردست اور ابہام سے پاک ہوتی ہیں اور اکثر مذہبی موضوعات پر مبنی ہوتی ہیں۔
(5 مئی 2025)