GHAG

آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر صوبائی حکومت کو بڑا دھچکا

آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر صوبائی حکومت کو بڑا دھچکا

پشاور ( غگ رپورٹ ) آج بروز جمعرات پشاور میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر صوبائی حکومت کی جانب سے طلب کی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں اہم اپوزیشن پارٹیوں نے مختلف وجوہات کی بنا پر شرکت سے انکار کردیا ہے جس کے باعث نہ صرف یہ کہ اس ایونٹ کی افادیت کم ہوکر رہ گئی ہے بلکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو بھی سخت دھچکا لگا ہے ۔ جن پارٹیوں نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کی ہے ان میں اے این پی ، جے یوآئی ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن شامل ہیں ۔

اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے اس ضمن میں ” پختون ڈیجیٹل” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ اے پی سی صوبائی حکومت کی بجائے پی ٹی آئی نے ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے بلایی ہوتی تو ضرور شرکت کرتے مگر موجودہ حالات کی ذمہ دار حکومت کے اس ایونٹ میں شرکت بے معنی بات ہے ۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کے مطابق اس قسم کے غیر ضروری ایونٹس میں شرکت کا کوئی فایدہ نہیں ہے کیونکہ اس سے قبل بھی آل پارٹیز کانفرنسوں اور جرگوں کا انعقاد ہوتا رہا ہے مگر نتائج کچھ بھی نہیں نکلے ۔ نہ ہی پی ٹی آئی یا اس کی صوبائی حکومت بدامنی کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں ۔

جے یو آئی کے ترجمان عبد الجلیل جان کے بقول ان کی پارٹی پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی اور اس کا بائیکاٹ کرے گی ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے پشاور میں گزشتہ شام گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی صوبے کے تمام لوگوں اور طبقوں کا مشترکہ مسئلہ ہے ہم نے اس پر مشاورت کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا مگر اپوزیشن پارٹیوں نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts