پشاور ( خصوصی رپورٹ) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات ڈاکٹر بیرسٹر سیف نے شمالی وزیرستان میں عمائدین اور حکام سے ملاقاتیں اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع کی سیکیورٹی صورتحال اور مسائل کا پورا ادراک ہے اور امن کے قیام کے لیے نہ صرف درکار اقدامات کیے جارہے ہیں بلکہ عوام کی مشاورت اور حمایت کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے ۔ صوبائی وزیر پختونیار خان ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید کے ہمراہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کا دورہ کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ بعض مشکلات کے باوجود خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ان تمام معاملات کی خود نگرانی کرتے آرہے ہیں ۔ ان کے بقول امن کے قیام کے لیے اٹھائے جانے والے تمام فیصلوں میں عوام کی آراء اور حمایت کو بنیادی اہمیت دی جائے گی اور اس دورے کے بعد وہ شمالی وزیرستان سے متعلق معاملات پر وزیر اعلیٰ کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے ۔
قبل ازیں شمالی وزیرستان پہنچنے پر انہوں نے دیگر حکومتی عہدیداروں کے ہمراہ یادگار شہداء پر پھول چڑھائے جبکہ متعلقہ حکام نے ان کو شمالی وزیرستان کی سیکیورٹی صورتحال اور دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔