GHAG

خیبرپختونخوا میں لاوا پھٹ گیا ہے مگر صوبائی حکومت کو کرپشن سے فرصت نہیں ہے۔ گورنر کنڈی

خیبرپختونخوا میں لاوا پھٹ گیا ہے مگر صوبائی حکومت کو کرپشن سے فرصت نہیں ہے۔ گورنر کنڈی

پشاور ( غگ رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کو بے پناہ معاشی اور سماجی مسایل ، امتیازی سلوک کے علاوہ بدترین دہشت گردی اور بدامنی کا سامنا ہے مگر پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو کرپشن سے فرصت نہیں ہے ۔ نیوز چینل ” ڈان نیوز ” کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت صوبے میں جاری دہشت گردی سے لاتعلق ہے حالانکہ یہاں لاوا پھٹ گیا ہے اور فورسز سمیت عام لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں۔

صوبائی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں اور بدترین نوعیت کی بیڈ گورننس نے اسے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے تاہم اگر ایک طرف پی ٹی آئی اس تمام صورتحال کی ذمہ دار ہے تو دوسری جانب وفاقی حکومت بھی صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک پر عمل پیرا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضم قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع کے نوجوانوں اور عوام میں اس لاتعلقی اور امتیازی سلوک کے باعث بے چینی پھیلی ہوئی ہے حالانکہ ان علاقوں اور یہاں کے نوجوانوں کو قدرت نے بے پناہ وسائل اور صلاحیتوں سے نوازا ہے۔

گورنر کنڈی کے مطابق بجلی ، گیس ، معدنیات ، تمباکو ، پانی اور دیگر وسائل کے باوجود خیبرپختونخوا کو بے پناہ محرومیوں اور مسائل کا سامنا ہے تاہم ان مسایل کے حل پر کسی جانب سے توجہ نہیں دی جارہی ۔ ان کے پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے نہ صرف یہ کہ خیبر پختونخوا میں کارروائیوں کرکے امن قائم کیا بلکہ این ایف سی ایوارڈ میں ضم اضلاع کے لیے ایک مخصوص فنڈ بھی رکھا تاہم صوبائی حکومت کے کرپشن اور منفی پالیسی کے باعث ایسے اقدامات سے فایدہ نہیں اٹھایا جاسکا اور اسی کا ردعمل ہے کہ قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع کے عوام ریاست سے بے زار دکھائی دینے لگے ہیں جو کہ خطرناک بات ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنر کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل اور عالمی طاقتوں کے تجزیوں کے برعکس بھارت کو جس شکست اور ہزیمت سے دوچار کیا اس کے بعد نہ صرف یہ پاکستان کا ایک نیا چہرہ اور کردار سامنے آیا ہے بلکہ عوام ماضی کے برعکس اب اپنے دفاعی بجٹ کے اضافے کا دفاع بھی کرنے لگے ہیں ۔
(3 جون 2025 )

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts