پشاور (غگ رپورٹ) پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے پاکستان مضبوط پوزیشن پر ہوتے ہوئے بھی امن اور مذاکرات کی بات کررہا ہے جبکہ مودی شکست کھانے اور عالمی تنہائی کے باوجود اب بھی جنگ کی دھمکیاں دے رہے ہیں جو کہ اقوام متحدہ کی چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کرسکتا اگر ایسا کرنے کی کوشش کرے گا تواسے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ تصور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس بات کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی میں ملوث ہے اور مختلف دہشت گرد گروپوں کی سرپرستی بھی کرتا آرہا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم تمام مسایل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہشمند ہیں مگر امن اور مذاکرات کی ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔