GHAG

پاکستان داعش کے خلاف موثر کارروائیاں کرتا آرہا ہے ۔ کمانڈر امریکی سینٹکام

پاکستان داعش کے خلاف موثر کارروائیاں کرتا آرہا ہے۔ کمانڈر امریکی سینٹکام

پشاور (غگ رپورٹ) امریکی سینٹکام کے سربراہ کمانڈر مائیکل کوریلا نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان محدود وسائل اور مسلسل دہشت گرد حملوں کے باوجود داعش خراسان اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرتا آرہا ہے اور اس نے دیگر کے علاؤہ امریکہ کو مطلوب 5 اہم داعش کمانڈرز بھی امریکہ کے حوالے کردیا ہے۔

امریکہ میں ایک اہم بریفنگ کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عوام کے ہزاروں افراد کو دہشت گرد گروپوں نے نشانہ بنایا ہے اور اس کے مغربی علاقے مسلسل حملوں کی ذد میں ہیں اس کے باوجود پاکستان محدود وسائل کے باوجود نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کررہا ہے بلکہ اس نے داعش کے خلاف بھی موثر کارروائیاں کی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ داعش کا پاکستان اور افغانستان کے بعض علاقوں میں اثر رسوخ بڑھتا جارہا ہے اور امریکہ کو اس صورتحال پر تشویش ہے اس لیے ہماری کوشش ہے کہ داعش کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کو سپورٹ کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جن داعش کمانڈرز کو گرفتار کرکے ان کو امریکہ کے حوالے کرنے کی پیشکش کی امریکہ اس کی ستائش کرتاہے۔

قبل ازیں امریکہ کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی دلچسپی کے تناظر میں امریکہ کی کوشش ہے کہ پاکستان کے مطالبے پر کشمیر کا تنازعہ حل کیا جائے اور یہ کام صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی کے دور اقتدار میں کیا جائے۔

ماہرین سینٹکام کے سربراہ اور وزارت خارجہ کی ترجمان کے ان بیانات کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ پاکستان پہلے سے بھی زیادہ طاقتور پوزیشن میں آگیا ہے ۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت جس لیول پر اعلیٰ ترین امریکی حکام پاکستان کے حق میں بیانات دے رہے ہیں وہ حوصلہ افزاء ہیں ۔ سینٹکام کے کمانڈر کی جانب سے پاکستان کو سٹریٹیجک پارٹنر قرار دینا بہت اہمیت کا حامل بیان ہے اور یہ ان عناصر کی منہ پر طمانچہ مارنے والی بات ہے جو کہ یہ توقع لگائے بیٹھے تھے کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہوگیا ہے اور یہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے برس اقتدار آنے کے بعد پاکستان پر دباؤ بڑھایا جائے گا۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی اہم ترین عسکری شخصیت امریکہ کے دورے پر واشنگٹن پہنچنے والی ہے جہاں کاؤنٹر ٹیررازم اور دیگر علاقائی مسائل پر اعلیٰ ترین امریکی حکام سے ان کی ملاقاتیں ہوں گی۔

دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں امریکہ اور برطانیہ سمیت متعدد دیگر ممالک کا دورہ کرنے والے سفارتی مشن بھی پاکستان کا مقدمہ موثر ترین طریقے سے عالمی طاقتوں اور فورمز کے سامنے رکھنے میں کامیاب ہوگیا ہے اور پاکستان کی بات اور موقف کو عالمی پذیرائی مل رہی ہے جو کہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے ۔ توقع کی جاسکتی ہے کہ اگر قومی اتفاق رائے کا یہ سفر اسی طرح جاری رہا تو پاکستان کی اہمیت اور بات میں مزید اضافے کا راستہ ہموار ہو جائے گا ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts