پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے الزام لگایا ہے کہ وفاقی حکومت ان کی حکومت گرانے کی سازش کررہی ہے تاہم پی ٹی آئی کو ان سازشوں سے نمٹنا آتا ہے اور یہ کہ ان کو صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ جب چاہیں اسمبلی اور حکومت دونوں کو تحلیل کریں ۔ ایک وڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ صوبائی بجٹ کی آڑ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال کر ان کی حکومت ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں کیونکہ مخالف قوتوں سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی انتخابی کامیابی اور حکومت کا قیام ہضم نہیں ہورہی ۔ اسی تسلسل میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے صوبائی بجٹ میں ان کی ان پٹ ڈالنے کی ہماری کوششوں کو بھی سبوتاژ کرنے کی سازش ہوئی ۔
دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے اس موقف پر تبصرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر ذاہد خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا حکومت گرانے کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے پی ٹی آئی سے حکومتی معاملات خود چلائے نہیں جارہے اور وزیر اعلیٰ کو اپنی پارٹی اور ممبران اسمبلی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔ ذاہد خان نے مزید کہا ہے کہ یہ حکومت اپنی آپ ختم ہونے کے قریب ہے ۔
( 21 جون 2025 )