اپنے صوبے میں احتجاج کس کے خلاف، پشاور کے صحافیوں کی تنقید
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں بھی تیزی سے سکڑنے لگی ہے، عارف یوسفزئی
اندرونی اختلافات، غیرموثر منصوبہ بندی، کارکن احتجاج پر قائل نہیں تھے، طارق وحید
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی کے لیڈر ، کارکن اور عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور فارم 47 کی حکومت کے خاتمے تک ہر حد کو جائیں گے ۔ پشاور میں 5 اگست کی ایک محدود ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اگر بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کیا گیا تو کارکن اگلے مرحلے میں کوئی بھی بڑا اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کریں گے۔
خلاف توقع اس موقع پر پشاور میں کارکنوں کی بہت کم تعداد ریلی میں شریک ہوئی ، متعدد اہم وزیر ، ممبران اسمبلی اس ایونٹ سے لاتعلق رہے جبکہ کارکنوں نے وزیر اعلیٰ اور لیڈروں کے خلاف یہ موقف اختیار کرتے ہوئے نعرے بازی کی کہ ان کو پشاور یا خیبرپختونخوا کی بجائے اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کرنا چاہیے تھا۔
اس ایونٹ کو ناکام قرار دیتے ہوئے سینئر صحافی عارف یوسفزئی نے کہا کہ یہ بات اور منطق سمجھ سے بالاتر ہیں کہ اپنے ہی صوبے میں پی ٹی آئی کس کے خلاف احتجاج کررہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں بھی تیزی کے ساتھ سکڑنے لگی ہے ، پنجاب اور دیگر صوبے تو پہلے ہی سے اس گیم سے باہر تھے۔
صحافی طارق وحید نے اپنے تبصرے میں کہا کہ ایک تو پارٹی کو اندرونی اختلافات کا سامنا ہے ، دوسری اس ایونٹ کی کوئی موثر پلاننگ نہیں کی گئی اور تیسری بات یہ رہی کہ کارکن اس صوبے میں احتجاج پر قائل نہیں تھے جہاں ان کی اپنی حکومت ہے۔
(6 اگست 2025)