اسلم اقبال ،حماد اظہر، مراد سعید، زبیر نیازی ،حامد رضا گیلانی، محمد جاوید،عبد الصمد اور واثق قیوم اشتہاری قرار
24نومبر احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزمان کیسز سے ڈسچارج
پشاور(غگ رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کو کلمہ چوک (لاہور) پر کینٹینر جلانے کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے 8 روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال ،حماد اظہر، مراد سعید، زبیر نیازی ،حامد رضا گیلانی، محمد جاوید،عبد الصمد اور واثق قیوم کو بھی اشتہاری قرار دیا ہے۔
تھانہ نصیر آباد کے مقدمہ میں پولیس کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ پولیس کے مطابق ملزمان گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہوچکے ہیں، ان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوئے مگر گرفتار نہیں ہوسکے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران گرفتار 32 ملزمان کو کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔
ڈی چوک احتجاج میں گرفتار 32 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے رات گئے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے کمرہ عدالت میں 32 ملزمان کی ہتھکڑیاں کھلوا کر انہیں کیسز سے ڈسچارج کر دیا۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کیا تو پولیس والوں کو ہتھکڑی لگوا دوں گا۔