GHAG

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بانی پی ٹی آئی کے پرانے بیان پر یوٹرن، اداروں سے نیوٹرل ہونے کی درخواست

ادارے نیوٹرل ہوجائیں،  لوگ سمجھ رہے ہیں حکومت میں لانیوالے آپ ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور

پشاور(غگ رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے  بانی پی ٹی آئی کے ایک پرانے بیان پر یوٹرن لیتے ہوئے اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ نیوٹرل ہوجائیں۔ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت کو لانیوالے آپ ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کے وقت حکومت ہاتھ سے جاتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کہہ چکے ہیں کہ نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں۔

پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ہمارے اپنے بھائی ہیں، ہمارا ایک کلچر ہے کہ پیار سے مانگنے پر جان بھی دینے کو تیار ہو جاتے ہیں اور اگر ضد پر آجائیں تو پھر ٹھیک چیز کو بھی ماننے سے انکار کردیتے ہیں، پولیس حکام عوام سے اچھا رویہ برتیں۔

دہشتگردی کے خلاف پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کی ضروریات پوری کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ دہشتگردی بہت اضلاع سے نکل کر محدود ہوگئی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ غگ ڈاٹ پی کے کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کے 7 مہینوں میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں سرفہرست وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان ہے جہاں گذشتہ سات ماہ کے دوران سب سے زیادہ 23 پولیس اہلکار شہید اور 23 زخمی ہوئے، بنوں میں 12 پولیس اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے، باجوڑ میں 11 اہلکار شہید اور 32 زخمی ہوئے۔ اسی طرح پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں 11 پولیس اہلکار شہید جبکہ 11 زخمی ہوئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts