پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 بہادر جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونیوالوں میں 34 سالہ حوالدار نثارحسین (کرم) ،34 سالہ نائیک رشید گل (کرم) ،30 سالہ نائیک عرفان اللہ خان (لکی مروت) اور 21 سالہ سپاہی عثمان رفاقت (ہری پور) شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور علاقے میں دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔