GHAG

لکی مروت، فتنہ الخوارج کی مسجد میں دہشت گردی کی کوشش ناکام

پی ایم اے کیڈٹ عارف اللہ نے جان کی قربانی دے کر نمازیوں کو بچایا، آئی ایس پی آر

مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے، آئی ایس پی آر

صدرمملکت اور وزیراعظم کی جانب سے شہید عارف اللہ کو خراج عقیدت، مسجد پر حملے کی مذمت

پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مسجد پر حملہ کیا جسے پاکستان ملٹری اکیڈمی میں زیرتربیت کیڈٹ عارف اللہ نے جان کی قربانی دے کر ناکام بنادیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25اکتوبر کی شام دہشت گردوں نے نمازمغرب کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا جہاں  جنٹلمین کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کررہے تھے۔ خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی، کیڈٹ عارف اللہ نے فوراً جواب دیا اور بہادری سے ان کا مقابلہ کیا۔

بیان کے مطابق 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت قبول کی اور کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچائیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔ ایک نوجوان کیڈٹ کا بہادرانہ عمل ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہی۔

صدرمملکت، وزیراعظم کا اظہارتعزیت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت کی مسجد پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کیڈٹ عارف اللہ شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ درسگاہوں، مساجد  پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور غیر اسلامی فعل ہے۔ صدر مملکت نے شہید کی بلندی درجات اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی کیڈٹ عارف اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ

عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرات اور بہادری کی مثال قائم کی۔ پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی کی مثال دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی۔ کیڈٹ عارف اللہ شہید اور ان کے اہلخانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts