نشست کے دوران لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کی سوشل میڈیا کے استعمال پر طلباء کی رہنمائی
کورکمانڈر پشاور نے طلباء کے سوالات کے جوابات دیے اور سیکورٹی صورتحال پر گفتگو بھی کی
خیبرپختونخوا کے عوام اور جوان بہت باصلاحیت ہیں، کور کمانڈر پشاور کی گفتگو
پشاور (غگ رپورٹ) پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے گزشتہ روز صوابی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک کالج میں سینکڑوں طلباء کے ساتھ کئی گھنٹوں پر محیط نشست کے دوران ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے نہ صرف صوبے کو درپیش سیکورٹی چیلنجز سے متعلق ریاست کی پالیسیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور خیبرپختونخوا کے عوام ، نوجوان اور اسٹوڈنٹس بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
تقریب میں شریک بعض اسٹوڈنٹس نے “غگ ڈاٹ پی کے” کو بتایا کہ یہ تفصیلی نشست بہت معلوماتی اور بہترین رہی اور کور کمانڈر پشاور نے ان کے متعدد سوالات اور خدشات کا کھل کر تفصیلی جوابات دیے۔ ان کے بقول کور کمانڈر پشاور نے جہاں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں اور ترجیحات تفصیل سے بیان کیں اور عوام اور فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کی وہاں انہوں نے خیبرپختونخوا اور ملک کے مستقبل کو محفوظ اور شاندار قرار دیتے ہوئے اسٹوڈنٹس کو مشورہ دیا کہ وہ سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہوگا اور وہ مایوسی پھیلانے والے منفی عناصر سے خود کو دور رکھیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کور کمانڈر پشاور اور متعدد دیگر علاقوں میں اس قسم کی نشستوں میں شریک ہوتے رہے ہیں جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بھی تسلسل کے ساتھ اسٹوڈنٹس اور دیگر طبقات سے اس نوعیت کی نشتیں کرتے چلے آرہے ہیں۔