21دسمبر 2024
17738 رجسٹرڈ مدارس میں 22 لاکھ سے زائد طلباء پڑھتے ہیں،خیبرپختونخوا کے مدارس میں12لاکھ 83 ہزارطلباء ہیں
سب سے بڑے صوبے پنجاب کے مدارس میں 6 لاکھ 64 ہزار طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں، تفصیلات سینیٹ میں پیش
پشاور (غگ خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت نے سینیٹ میں ملک میں رجسٹرڈ مدارس کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ خیبرپختونخوا میں باقی تین صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی مجموعی تعداد سے زیادہ مدارس اور طلباء کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کل رجسٹرڈ مدارس کی تعداد 17738 ہے جن میں 22 لاکھ 49 ہزار 500 طلباء پڑھتے ہیں۔ 80 فیصد طلباء ان مدارس ہی میں قیام کرتے ہیں۔
سب سے زیادہ مدارس آبادی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر آنیوالے صوبے یعنی خیبرپختونخوا میں قائم ہیں جہاں ساڑھے 22 لاکھ کی مجموعی تعداد میں سے 12 لاکھ 83 ہزار طلباء پڑھتے ہیں۔پنجاب میں، سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود، 6 لاکھ 64 ہزار جبکہ سندھ میں 1 لاکھ 88 ہزار طلباء مدارس میں تعلیم حاصل کرتے ہیں حالانکہ سندھ کی آبادی ملک میں دوسرے نمبر پر ہے۔ بلوچستان کے مدارس میں پڑھنے والوں کی تعداد 71 ہزار 815 بتائی گئی جبکہ آزاد کشمیر میں 26 ہزار 800 ، گلگت بلتستان میں 4400 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذکورہ رپورٹ کے مطابق 11300 طلباء مختلف مدارس میں پڑھ رہے ہیں۔