GHAG

کور کمانڈر کوئٹہ کا طلباء کے ساتھ براہ راست تبادلہ خیال اور تفصیلی نشست

دہشت گردوں، شرپسندوں کی روزی روٹی فساد پھیلانے سے چلتی ہیں

ریاست واقعتاً ماں کی حیثیت رکھتی ہے عوام مطمئن رہیں

کینٹ ایریاز، شورش زدہ علاقوں میں ہر ملک کے اندر چیکنگ ہوا کرتی ہے

نئی نسل اور عوام فیک نیوز اور سوشل میڈیا کے شیطانی استعمال سے دور رہیں، جنرل راحت نسیم احمد خان

کوئٹہ(خصوصی رپورٹ) کوئٹہ کے کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج ایک قومی ادارہ ہے اور اس میں سلیکشن سے لیکر تمام مراحل طے کرتے وقت میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جاتا ہے۔ اس بات پر سب کو یقین ہونا چاہیے کہ ریاست واقعتاً اپنے بچوں اور عوام کے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کی نئی نسل کو فسادی  اور شر پسند عناصر کے علاوہ، فیک نیوز اور سوشل میڈیا کے شیطانی استعمال سے خود کو دور رکھنا چاہیے۔

کوئٹہ میں طلبہ و طالبات کے ساتھ ایک تفصیلی نشست کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے مگر عوام باور رکھے کہ ریاست کو اپنے فرائض کا پورا ادراک ہے اور دہشتگردی، شرپسندی سمیت ان تمام فسادیوں کا سختی کے ساتھ راستہ روکا جائے گا جن کی روزی روٹی فسادی سرگرمیوں سے جڑی ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق جو شخص آئین نہیں مانتا اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جاسکتی جبکہ اظہار رائے کے نام پر فساد اور جھوٹ پھیلانے والے بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔عوام ایسے عناصر اور ان کی پروپیگنڈا سے خود کو دور رکھیں اور آئین کے اندر موجود اپنے حقوق کے استعمال سے نہ گھبرائیں۔

مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کورکمانڈر کوئٹہ نے کہا کہ ریاست ہر مسئلے کا حل مفاہمت اور مذاکرات میں ڈھونڈتی چلی آرہی ہے مگر ملک دشمن اور شر پسند عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹنے کو بھی تیار رہتی ہے۔ بلوچستان کے حالات تیزی سے نارمل اور بہتر ہورہے ہیں اور بلوچستان کے عوام اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ملک کے دوسرے صوبوں کے عوام ہیں۔

کور کمانڈر کوئٹہ کے بقول ہر ملک میں کینٹ ایریاز اور شورش زدہ علاقوں میں چیکینگ ہوتی رہتی ہے تاہم پاکستان کے اندر بعض لوگ اس پراسیس کو منافرت اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جو ناراض حلقے آئین کے اندر رہتے ہوئے مسائل کا حل چاہتے ہیں ان کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے خوش اسلوبی کے ساتھ معاملات اور مسائل حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور اس کی فوج سب کی ہے اور ہر نوجوان کو میرٹ کی بنیاد پر پاک فوج میں فرائض سر انجام دینے کا نہ صرف یہ کہ یکساں حق حاصل ہے بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کیا جاتا ہے۔

(23دسمبر 2024)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts