حملوں کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کے کمانڈرز بھی شامل، عمر میڈیا کے دفتر کو بھی تباہ کردیا گیا
مساجد اور دینی مدارس کو نقصان سے بچنے کے لیے ان حملوں کو احتیاط سے انجام دیا گیا
پشاور (غگ رپورٹ) پاکستان ایئرفورس نے افغانستان کے سرحدی صوبے پکتیا میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے اہم کمانڈروں سمیت 60 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایئر فورس نے پکتیا میں کارروائیاں کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین اہم کمانڈروں سمیت 60 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ حملوں کے دوران پکتیا میں موجود عمر میڈیا کے دفتر کو بھی نشانہ بناتے ہوئے اسے تباہ کردیا۔
فضائی حملے میں شیرزمان عرف مخلص یار، اختر محمد عرف خلیل، اظہار عرف حمزہ اور شعیب چیمہ سمیت دیگر کے دہشت گرد مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔اطلاعات کے مطابق ایئر سٹرایکس کے دوران بڑی تباہی وقوع پذیر ہوئی اور تین مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ مراکز ان خارجیوں کیلئے محفوظ پناہ گاہوں کے علاوہ انتظام و انصرام کے سلسلے میں بھی کلیدی حیثیت رکھتے تھے
دیگر اہداف میں اختر محمد کا کیمپ اور شعیب اقبال کا میڈیا سینٹر بھی شامل تھا جو دہشت گردوں کے پروپیگنڈہ نیٹ ورک عمرمیڈیا کا انتظام کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق مساجد اور دینی مدارس کو نقصان سے بچنے کے لیے ان حملوں کو احتیاط سے انجام دیا گیا۔ کئی دہشت گردوں اور اہم آپریشنل مراکز کو ختم کر دیا گیا۔