دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ ہو گئے ہیں، مجوزہ معاہدہ
کمشنر کوہاٹ آفس میں آج جرگہ حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا
پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں جاری تنازعہ کے حل کے لئے کوہاٹ فورٹ میں جاری گرینڈ جرگے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں فریقین بھاری ہتھیار حکومت کو دینے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کوہاٹ گرینڈ جرگے میں مشران نے دستخط کر دیے ہیں، ایک فریق کے چند افراد آج دستخط کریں گے جبکہ کمشنر کوہاٹ آفس میں آج جرگہ حتمی فیصلے کا اعلان کرے گا۔
معاہدے کے متن کے مطابق کرم میں اسلحہ استعمال کرنے والے فریق پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، 2008 میں طے مری معاہدے پر عمل کیا جائے گا اور معاہدے کے تحت فریقین کو اسلحہ جمع کرانا پڑے گا۔
گذشہ روز ایسی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کرم میں امن و امان کے قیام کیلئے 3 ہفتوں سے جاری جرگہ میں اراکین کی تعداد مکمل نہ ہونے کی وجہ سے معاہدے پردستخط نہیں ہو سکے تھے، اب دونوں فریقین معاہدے کے نکات پر متفق ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پارا چنار پشاور مرکزی شاہراہ اور اپر کرم کے راستے ڈھائی ماہ سے بند اور اپرکرم کو ہر قسم کی سپلائی معطل ہے۔
علاقے کی ابتر صورتحال کے خلاف کرم پریس کلب پر 9 دن سے دھرنا جاری ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں پانچ مقامات پر بھی دھرنے دیے جا رہے ہیں۔
اسکے علاوہ کراچی میں بھی پارا چنار کی صورتحال پر مختلف علاقوں میں دھرنے دیے جا رہے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔
(28 دسمبر 2024)