گوادرائرپورٹ پر گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے استقبال کیا
50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ائیرپورٹ پر ائیر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے
سی پیک میں شمولیت کے بعد گوادر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک منفرد اور عالمی معیارکا منصوبہ ہے، خواجہ آصف
کوئٹہ (غگ رپورٹ) بلوچستان کے شہر گوادر میں نئے بین الاقوامی ہوائے اڈے کا باضابطہ افتتاح کردیا گیا ہے، قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز ہوائی اڈے پر لینڈ کرگئی اور طیارے کو واٹر کینن کی روایتی سلامی دی گئی۔
وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ آصف، گورنربلوچستان جعفر خان مندوخیل، اور وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرازبگٹی نے ائرپورٹ پر لینڈ کرنے والی پہلی پرواز کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو گوادر ایئرپورٹ کی آپریشنلائزیشن نہ صرف پاکستان کی ہوابازی کی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ ہمارے ملک کی ترقی اور پیش رفت کے عزم کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ میل عبور کرنے پر فخر ہے، سی پیک میں شمولیت کے بعد گوادر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک منفرد اور عالمی معیارکا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تاریخ سی پیک کے ساتھ 2014 میں شروع ہوئی، سی پیک کے بانیوں نے گوادر کے علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے اس جدید ایئرپورٹ کے قیام کو ترجیح دی تاکہ پاکستان اور دنیا کے درمیان ایک اہم راستہ فراہم کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ نیو گوادر ائیرپورٹ کا ایک ہی رن وے 3658 میٹر طویل اور 75 میٹر چوڑا ہے جس میں بڑے ہوائی جہاز کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے۔ لگ بھگ 50 ارب روپے مالیت سے تعمیر کردہ ائیرپورٹ پر ائیر بس اے 380 اور بوئنگ 747 جیسے بڑے طیارے بھی لینڈ کرسکیں گے۔
نیو گوادر ائیرپورٹ کا علامتی افتتاح 14 اکتوبر 2024 کو وزیراعظم شہباز شریف نے کیا تھا تاہم ائیرپورٹ پر پروازوں کی باقاعدہ لینڈنگ آج سے شروع ہوگئی۔