مارے جانے والوں میں سرکردہ لیڈر شیریں بھی شامل، اسلحہ و گولہ بارود برآمد
گذشتہ شام شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر بھی 9 دہشت گرد ہلاک کئے گئے تھے
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سمیت 9 خوارج ہلاک کردیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائی 6 اور 7 اپریل کے درمیانی شب کی گئی اور فائرنگ کے دوران 9 خوارج ہلاک کردیے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل ہے جو سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شیرین کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا، کیپٹن حسنین اختر کی شہادت کا ذمہ دار بھی دہشت گرد شیرین تھا۔
اس سے قبل گزشتہ شام بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے تھے۔
(7 اپریل 2025)