GHAG

پاکستان کے قدرتی وسائل سے استفادہ حاصل کرنے کا آغاز

عقیل یوسفزئی

اسلام آباد میں پہلی بار دو روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم کا افتتاح کیا گیا جس میں وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ ترین ریاستی شخصیات کے علاوہ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے متعلقہ اداروں اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی اور پاکستان میں موجود بے پناہ قدرتی وسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ماہرین نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے لامحدود قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور ملک کے دو اہم صوبے یعنی خیبرپختونخوا اور بلوچستان ان وسائل کے مراکز ہیں۔ کہا گیا کہ متعلقہ عالمی ادارے منرلز کی دریافت اور مارکیٹنگ میں غیر معمولی دلچسپی لیتے ہیں اور اس ضمن میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور امن کا قیام لازم ملزوم ہیں اور ریاستی سطح پر کوشش کی جارہی ہے کہ معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مزید بتایا کہ وہ  بلوچستان کے قائدین، عمائدین اور اسٹوڈنٹس کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہیں اور ان کو یقین دلاتے ہیں کہ اس اہم صوبے کی سیکورٹی اور معاشی استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے۔

اس اہم ایونٹ کے یقیناً مثبت نتائج برآمد ہوں گے تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ اس اہم ترین ایونٹ میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خصوصی دعوت کے باوجود شرکت نہیں کی حالانکہ قدرتی وسائل کے تناظر میں خیبرپختونخوا پاکستان ہی کیا پورے خطے میں خصوصی اہمیت کا حامل خطہ ہے۔ ایک امریکی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں تقریباً 4 ٹریلین ڈالرز کے وسیع ترین ذرائع اور وسائل موجود ہیں اور جاری جنگ کے بنیادی فیکٹرز میں ان وسائل کے وسیع ذخائر کی موجودگی کا بھی ایک فیکٹر موجود ہے۔

(9 اپریل 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts