دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ممالک کے لیے تباہ کن ہے، وزیراعظم شہبازشریف
خطے میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی اور مربوط کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں، ایران
اسلام آباد (غگ رپورٹ) پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان کے شہر مہرستان میں دہشت گردوں کی جانب سے 8 پاکستانیوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حکام حملہ آور کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ممالک کے لیے تباہ کن ہے، مل کر دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کی میتوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
ایرانی سفارتخانے کا بیان
پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیستان کے شہر مہرستان میں 8 پاکستانی شہریوں پر مسلح حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ غیر انسانی اور بزدلانہ واقعہ ناقابل قبول ہے۔ دہشتگردی پورے خطے کے لیے ایک مستقل اور مشترکہ خطرہ ہے، دہشتگردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کےلیے تمام ممالک کو مشترکہ جدوجہد کرناہوگی۔
واضح رہے کہ ایران کے صوبے سیستان کے شہر مہرستان میں دہشت گردو ں نے ایک ورکشاپ پر فائرنگ کر کے 8 پاکستانی کار مکینکس کو قتل کر دیا تھا، قتل ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب کے شہر بہاولپور سے ہے۔
دفتر خارجہ نے کے مطابق ایران میں ہونے والے اندوہناک واقعے کا علم ہے، واقعے کے حوالے سے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
(13 اپریل 2025)