لیفٹننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے سیاسی، سماجی رہنماؤں اور عمائدین سے ملاقات کی
قبائلی اضلاع میں امن کے قیام اور معاشی ، سماجی استحکام کے لیے تمام درکار اقدامات کیے جائیں گے، کورکمانڈر پشاور
سوات میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، چار خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر
پشاور (غگ رپورٹ) کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے جمعہ کے روز شمالی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے متعلقہ عسکری حکام کے ساتھ علاقے کی سیکورٹی پر تبادلہ خیال کیا اور علاقے کے سیاسی اور سماجی رہنماؤں، عمائدین اور مشران سے تفصیلی گفتگو اور ملاقاتیں کیں۔ کور کمانڈر نے اس موقع پر امن کے قیام کے لیے فورسز کے ساتھ عوام کے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے تعاون پر مبنی ان کے مثبت کردار کو سراہا اور ان کو اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً قبائلی اضلاع میں امن کے قیام اور معاشی ، سماجی استحکام کے لیے تمام درکار اقدامات کیے جائیں گے اور تمام اہم فیصلوں میں عوام کی آراء اور تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مشران ، نمائندوں اور عمائدین نے کور کمانڈر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر امن کے قیام کو ممکن بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب اسی روز قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سوات میں ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے فورسز کو مطلوب 4 خوارج کو ہلاک کردیا ۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق فورسز نے سوات میں کارروائی کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کردیا جو کہ عوام اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ۔ اس کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ۔
اس تمام صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سید اختر علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے اور فورسز روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کرتی آرہی ہیں تاہم مستقل امن کے قیام کے لیے لازمی ہے کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ سول ادارے بھی ایک “کوارڈینیشن سسٹم” کے تحت ایک پیج پر آکر اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔
ان کے بقول انٹلیجنس کی بروقت شیئرنگ بہت لازمی ہے تاکہ کسی حملے سے قبل فورسز حرکت میں آجائیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے حملوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔
سفارتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اسی مہینے افغانستان کا اپنا پہلا دورہ کرنے والے ہیں اور مجوزہ دورے کی دو طرفہ تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے سے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری واقع ہوگی اور کراس بارڈر ٹیررازم سے متعلق اختلافی معاملات پر کوئی مثبت پیشرفت ممکن ہوسکے گی۔
(18 اپریل 2025)