کرک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران چار خوارج ہلاک کردیے گئے
جنوبی وزیرستان گومل زام میں تین خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران دو بہادر سپاہی شہید، آئی ایس پی آر
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے تین مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک کردیے گئے جبکہ شدید فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع کرک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا جس میں 8 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت، لانس نائیک عثمان مہمند (عمر 28 سال، ضلع چارسدہ) اور سپاہی عمران خان (عمر 26 سال، ضلع کرم) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں ہونے والی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے مزید 3 خوارج کو انجام تک پہنچا دیا۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہوتا رہا تھا۔
علاقے میں مزید ممکنہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
(26 اپریل 2025)