GHAG

دراندازی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 54 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد اپنے آقاؤں کے ایماء پر پاکستان کے اندر بڑی دہشت گرد کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کیں ہیں ان میں ان 54 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں، محسن نقوی

اس آپریشن کے لیے ہماری تمام سیکیورٹی فورسز کریڈٹ کی حقدار ہیں، وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس

پشاور (غگ رپورٹ) پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کرنے والے 54 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25،26 اور 26،27 کے درمیانی شب فتنہ الخوارج کے بڑے گروپ نے پاک افغان بارڈر پر حسن خیل کے قریب دراندازی کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 54 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔یہ دہشت گرد اپنے آقاؤں کے ایماء پر پاکستان کے اندر بڑی دہشت گرد کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے۔ فتنہ الخوارج کی جانب سے اس قسم کا عمل ایسے حالات میں سامنے آنا کہ بھارت پاکستان پر جھوٹے الزامات لگارہا ہے، یہ بات ثابت کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کس کے اشارے پر کام کررہے ہیں۔

یہ اب تک جہنم رسید ہونیوالے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے لیے بڑا دن ہے، سیکیورٹی فورسز کو اس حملے کی بروقت اطلاع مل گئی تھی اور فورسز خوارجیوں کی دراندازی سے برقت آگاہ ہوگئیں تھی جس کے بعد حکمت عملی کے تحت انہیں تین اطراف سے گھیر کر 54 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا، یہ اب تک جہنم رسید ہونے والے خوارجیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یہ معلومات کچھ دن سے تھیں کہ ان کے بیرونی آقا ان پر زور ڈال رہے تھے کہ یہ جلدازجلد پاکستان میں گھسیں اور وہاں کوئی ( دہشت گردانہ )سرگرمی انجام دیں، انہی معلومات کی بنیاد پر سرحدوں پر نگرانی اور چیکنگ سخت کردی گئی تھی اور اسی دوران ان خوارجیوں کی نشان دہی ہوگئی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بھارت جو بھی قدم اٹھارہا ہے وہ کہیں نہ کہیں پکڑا جارہا ہے یا انٹرسیپٹ ہورہا ہے، فتنہ خوارج پر بھی وہیں ( بھارت ) سے زور ڈالا جارہا تھا کہ پاکستان میں داخل ہوکر دہشت گردی کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے جو تصاویر شیئر کیں ہیں ان میں ان 54 دہشت گردوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھی جاسکتی ہیں، اور یہ دنیا کے لیے بہت بڑا ثبوت ہے کہ کوئی تو ان دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے، ان کا کوئی تو مقصد ہے، اور آج اس واقعے کے بعد ہم اور زیادہ پُریقین ہوگئے ہیں پاکستان کو کس کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے۔اس آپریشن کے لیے ہماری تمام سیکیورٹی فورسز کریڈٹ کی حقدار ہیں۔

(27 اپریل 2025)

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts