باجوڑ میں تین خارجی ہلاک، انتہائی مطلوب خارجی فریداللہ بھی شامل، آئی ایس پی آر
شمالی وزیرستان میں دو خارجی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے
مہمند میں خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت دو دہشت گرد گرفتار، آئی ایس پی آر
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے تین مختلف کارروائیوں کے دوران پانچ خارجی دہشت گرد ہلاک کردیے دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 3 خارجی ہلاک ہوئے، جن میں انتہائی اہم مطلوب خارجی فرید اللہ بھی مارا گیا۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں کی گئی جس میں 2 خارجی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
اسی طرح مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا، مہمند سے خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کی حفاظت کے لیے چوکس ہیں، اور ارض وطن میں قیام امن کے لیے ہر وقت مستعد ہیں۔
واضح رہے کہ 26 سے 28 اپریل تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں پاک افغان سرحد پر کارروائی میں 71 خوارج مارے گئے تھے۔
(3 مئی 2025)