پشاور ( خصوصی رپورٹ ) ممتاز تجزیہ کاروں اور ماہرین نے پاک بھارت کشیدگی اور جنگ کے بعد کی صورتحال پر اپنے تبصروں میں قرار دیا ہے کہ پاکستان کی پوزیشن دفاعی ، سفارتی اور معاشی طور پر مستحکم ہوگئی ہے ۔
پروفیسر حسن عباس ( امریکہ بیسڈ دفاعی ماہر)
پاکستان نے غیر متوقع طور پر بہت مہارت کے ساتھ نہ صرف اپنا مقدمہ لڑا بلکہ مطلوبہ اہداف بھی حاصل کیے ۔ امریکہ کے متعلقہ حکام اور اداروں کا کہنا ہے کہ بھارت ہی نے جنگ رکوانے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم سے رابطے کیے اور یہ اس وقت ہوا جب پاکستان نے 10 میء کو بھارتی طیارے گرائے ۔ پاکستان نے ثالثی کی امریکی کوششوں کا خیر مقدم کیا تاہم پاکستان نے سیز فائر سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان میں مسئلہ کشمیر کا نکتہ ڈال کر سفارتی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کی اور اب لمبے عرصے بعد یہ مسئلہ عالمی سطح پر ڈسکس ہونے لگا ہے ۔
ڈاکٹر جمیل چترالی ( ماہر تعلیم)
پاکستان نے تمام تر تجزیوں کے برعکس ہر سطح پر کامیاب حکمت عملی اپنائی جس کا نتیجہ اس کے حق میں نکل آیا اور آج پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور بالادستی کا اعتراف کرتی دکھائی دیتی ہے ۔ اس معرکے نے نہ صرف پاکستان کو سیاسی طور پر متحد کیا بلکہ خطے میں اس کی اہمیت اور مستقبل کے نئے کردار کا تعین بھی کیا ۔ پاکستان اور چین کے اتحاد نے پوری دنیا کی سٹریٹجیک افیئرز پر اثرات مرتب کیے اور بھارت ، اس کے اتحادیوں کو سخت نقصان پہنچا ۔ اس صورتحال کے تناظر میں بجا طور کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان خطے کی سطح پر لیڈنگ پوزیشن میں آگیا ہے اور مستقبل قریب میں پاکستان کے اندر دہشت گردی کرنے والے گروپوں کی کمر توڑنے کے عمل کا بھی آغاز ہوگا ۔
عمار مسعود ( سینئر تجزیہ کار) پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا ہے اور پوری دنیا نے بھارت کے مقابلے میں پاکستانی افواج کی تعریف کی ہے ۔ خطے میں بھارت کی بالادستی کا خواب چکنا چور ہوکر رہ گیا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ماضی قریب کے مقابلے میں آج ایک اہم علاقائی اور عالمی کھلاڑی کے طور پر سامنے آیا ہے ۔ بھارتی جارحیت نے پاکستان کو مزید اہم بناکر مضبوط بنادیا ہے ۔
جاوید اقبال ( سینئر اینکر پرسن)
پاکستان کے دفاعی اداروں کے علاوہ میڈیا اور سیاسی جماعتوں نے بھارت کے مقابلے میں زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت کا راستہ ہموار کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور یہ بات پوری دنیا پر واضح ہوگئی کہ مقبول عام تاثر کے برعکس پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور پاکستان اپنے قومی اتحاد سے خود کو بہت طاقتور کہلانے والے بھارت سمیت کسی کو بھی شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
(مئی 17 2025)