پشاور ( غگ رپورٹ ) جنوبی وزیرستان کے علاقے جنڈولہ میں گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز اور کالعدم ٹی ٹی پی ( خوارج ) کے درمیان ہونے والی ایک جھڑپ میں پاکستان فوج کے میجر معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوئے جبکہ 11 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 7 کو زخمی کردیا گیا ۔ چکوال سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ جو میجر اس آپریشن کو لیڈ کررہے تھے وہ بھی اس آپریشن یا جھڑپ میں شہید ہوئے ہیں ۔ سیکورٹی ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق میجر معیز عباس شاہ وہ میجر ہیں جنہوں نے بھارتی پائلٹ سکواڈرن لیڈر ابینندن کو زندہ گرفتار کرکے ہجوم کے ہاتھوں مزید نقصان اٹھانے سے بچایا تھا ۔
آپریشن میں شہید ہونے والے لانس نائیک جبران اللہ کا تعلق بنوں سے ہے اور ان کی عمر 27 سال تھی ۔ ان کو آج ( بدھ ) کے روز ان کے آبائی علاقوں میں سرکاری اور فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا ۔
دریں اثناء کالعدم ٹی ٹی پی نے منگل کے روز گزشتہ چند روز کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کیے جانے والے اپنے حملوں کی ترتیب وار تفصیلات شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان دنوں ریکارڈ تعداد میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔