باجوڑ میں امن و امان کے قیام اور شدت پسند عناصر کے خلاف مؤثر لائحہ عمل کے لیے ایک اہم گرینڈ جرگے کا انعقاد کیا گیا
جرگہ میں علاقے کے معزز مشران، عمائدین ، آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا نارتھ ، میجر جنرل راؤ عمران سرتاج اور سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جرگے کا آغاز شہدائے باجوڑ کے لیے فاتحہ خوانی اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا سے کیا گیا۔
شرکائے جرگہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے دہشتگردوں کو کسی صورت پناہ نہیں دیں گے۔
اس موقع پر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری آپریشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں عمائدین کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا گیا۔
بریفنگ کے دوران شدت پسندوں کی سرگرمیوں کے ثبوت، جن میں مساجد کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی ویڈیوز بھی شامل تھیں، شرکاء کو پیش کیے گئے۔
ان شواہد کے بعد جرگے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقے کو مکمل طور پر دہشتگرد عناصر سے پاک کیا جائے گا۔
جرگے میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کالعدم تنظیم کے عسکریت پسند ازخود علاقہ خالی نہ کریں تو ان کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شرکائے جرگہ نے ریاستی اداروں سے مکمل تعاون اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جرگے کا اختتام ملکی سلامتی، اتحاد اور استحکام کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔