ضلع بنوں کے تھانہ وزیر کے حدود میں خونیہ خیل چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، دہشتگردوں نے خونیہ خیل چوکی پر حملہ کرنے کی کوشش کی، جسے پولیس اہلکاروں نے جرات و بہادری سے ناکام بنا دیا۔اس موقع پر ایف سی دریوبہ کے اہلکار اور مقامی عوام بھی پولیس کی مدد کے لیے بروقت پہنچ گئے، اور ان کے مشترکہ بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ریجنل پولیس آفیسر بنوں سجاد خان اور ضلعی پولیس سربراہ سلیم عباس کلاچی نے چوکی پر موجود بہادر جوانوں کو شاباش دی اور ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔ رواں ہفتے اسی چیک پوسٹ پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
ادھر ضلع لکی مروت میں پولیس مقابلہ کے دوران ڈکیٹ گینگ کے 4 ڈاکو مارے گئے، اس حوالے سے پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضلع لکی مروت میں پولیس کا پیزو کی پہاڑیوں میں انڈس ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں گاڑیوں کو لوٹنے والے ڈکیٹ گینگ کے 4 ڈاکو مارے گئے۔ اس کے علاوہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر کئی ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی ایس پی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین کا تعلق تجوڑی، ایک تری خیل سے ہے، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان 35 منٹ مقابلہ جاری رہا۔