پشاور ( غگ رپورٹ ) سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک خودکش بمبار سمیت 15 دہشت گرد ہلاک کردیے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو بھی تباہ کرتے ہوئے مختلف ان سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا جہاں طالبان کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں ۔
حکام کے مطابق فورسز نے دیگر ٹھکانوں کے علاوہ ان دہشت گردوں کے خلاف بھی ایک محتاط آپریشن کیا جنہوں نے ایک مسجد میں پناہ لی ہوئی تھی اور مسجد کو خالی کرادیا گیا ۔ اعظم ورسک ہی میں تقریباً نصف درجن ایسی سڑکوں کو رکاوٹوں سے صاف کرکے ٹریفک کے لیے بحال کردیا گیا جو کہ طالبان نے مٹی اور پتھر ڈال کر بند کی ہوئی تھیں جبکہ دو تین مزید چیک پوائنٹس بھی قائم کی گئیں تاکہ عوام اور علاقے کو محفوظ بنایا جاسکے ۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق اعظم ورسک کو دہشت گردوں کی موجودگی سے صاف کردیا گیا ہے تاہم علاقے میں سرچ اینڈ کلیرنس آپریشن جاری رکھے جائیں گے تاکہ دہشت گردوں کو دوبارہ گھسنے کا موقع نہ ملے ۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند دنوں کے دوران جنوبی اور شمالی وزیرستان کے علاوہ ، بنوں ، ٹانک ، اورکزی اور ڈی آئی خان میں مختلف کارروائیاں کی گئیں ۔