پشاور ( غگ رپورٹ ) باجوڑ میں سالارزئی قومی جرگہ نے متفقہ طور پر ایک فیصلے کے بعد اعلان کیا ہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے یا کسی بھی شکل میں ان کی سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف جرگہ کے ذریعے سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔
اس ضمن میں ایک نمایندہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ممبران اسمبلی ، اہم عمائدین اور نئی نسل کے نمائندوں نے اعلان کیا کہ دہشتگردی کوکسی قیمت پر مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ صرف یہ کہ دہشت گردوں کی مزاحمت کی جائے گی بلکہ جو لوگ ان کو پناہ دیتے ہیں یا ان کی سہولت کاری کرتے ہیں ان پر 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اور ان کے گھر مسمار کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر علاقائی سطح پر عوام کی جانب سے مسلح گشت کی تجویز بھی پیش کی گئی ۔
دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے باجوڑ کے تحصیل ماموند کے تین گاؤں کلیئر کرکے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ وہاں متاثرین کی واپسی کو یقینی بنائے ۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کے لیے 16 کروڑ کے امدادی پیکج کے ذریعے رقوم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔