عقیل یوسفزئی
ماہ اگست پاکستان کے دو صوبوں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف ریکارڈ کامیاب کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں 5 سے 26 اگست کے دوران ان دو صوبوں میں کالعدم ٹی ٹی پی ، بی ایل اے اور دیگر گروپوں کے 18 کمانڈرز سمیت 100 سے زیادہ دہشت گردوں کو ہلاک ، 26 کو زخمی جبکہ 21 کو گرفتار کرلیا گیا ۔
دستیاب معلومات اور ڈیٹا کے مطابق 9 اور 10 اگست کے عرصے میں بلوچستان کے علاقے ژوب میں دو بڑی کارروائیوں کے دوران 55 سے زیادہ دہشت گردوں کو اس دوران ہلاک کردیا گیا جب وہ ٹولیوں کی شکل میں افغانستان سے پاکستان میں داخل ہورہے تھے ۔ ان میں اکثریت افغان باشندوں کی تھی جن کی لاشیں مذاکرات اور جرگوں کے بعد گزشتہ روز حوالے کردی گئیں ۔ اسی طرح رواں ہفتے بلوچستان کے دو علاقوں مستونگ اور مچھ میں فورسز نے 30 سے زائد کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔
اسی عرصے کے دوران خیبرپختونخوا میں بھی متعدد بڑی کارروائیاں کی گئیں ۔ جنوبی وزیرستان میں ایک آپریشن کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے کالعدم ٹی ٹی پی کے ایک درجن سے زائد شدت پسند مارے گئے تو بنوں میں بھی متعدد کو نشانہ بنایا گیا ۔ باجوڑ میں اسی عرصے کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی تفصیلات سامنے آئیں تو گزشتہ تین دنوں کے عرصے میں دیر بالا اور دیر پائیں میں پیرا ملٹری فورسز کی کارروائیوں میں 4 کمانڈرز سمیت تقریباً 12 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا گیا ۔
ان کارروائیوں کے دوران عوام نے بھی پولیس اور دیگر اداروں کا ساتھ دیا جن کو کالعدم ٹی ٹی پی نے متعدد بار آن دی ریکارڈ خبردار بھی کیا تھا کہ وہ فورسز کی بجائے ان کا ساتھ دیں مگر عوام نے باقاعدہ متعدد بار اسلحہ اٹھاکر فورسز کا ساتھ دیا ۔
اگر چہ کالعدم ٹی ٹی پی نے ہفتہ رفتہ کے دوران خیبرپختونخوا کے 6 اضلاع میں ریکارڈ حملے کیے تاہم فورسز کا پلہ بھاری رہا اور پہلی بار پولیس ، سی ٹی ڈی اور دیگر صوبائی اداروں نے بھی آپریشن لانچ کیے ۔
اس ضمن میں گزشتہ روز وانا میں ایک جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل مہر عمر نیازی نے کہا کہ عوام اور ریاست دہشتگردی کے خاتمے ، امن کے قیام اور اجتماعی ترقی کے معاملات پر ایک پیج پر ہیں اور عوام کے نمایندہ جرگے ریاست اور لوگوں کے درمیان اعتماد کی بحالی اور روشن مستقبل کے قیام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔
اس موقع پر سلیمان خیل جرگہ نے ان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔ قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی دیگر فورسز کے ساتھ ملکر خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کی جاری کارروائیوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں اور اس ضمن میں ان کو تمام درکار سہولیات کی فراہمی کو بھی ممکن بنایا جارہا ہے ۔
(27 اگست 2025 )