GHAG

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی موجودگی میں افغان قونصل جنرل کی سفارتی آداب کی خلاف ورزی

پاکستان کے قومی ترانے کے دوران افغان قونصل جنرل پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہوئے

افغان قونصل جنرل کا قومی ترانے کے احترام میں کھڑا نہ ہونا سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے، سرکاری ذرائع

پشاور(غگ رپورٹ) پشاور میں افغانستان کے قونصل جنرل کی جانب سے سفارتی آداب کی خلاف ورزی کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

پشاور میں رحمت للعالمینﷺکانفرنس میں قومی ترانے کے دوران سفارتی آداب کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغان قونصل جنرل پاکستان کے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہ ہوئے۔

کانفرنس کا انعقاد صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر کیا گیا تھا جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور، سپیکر صوبائی اسمبلی، صوبائی وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ پاکستان کے قومی ترانے کے دوران اپنی نشست پر بیٹھے رہے جبکہ ترانے کے احترام میں پورا مجمع کھڑا تھا۔

دوسری جانب سرکاری ذرائع نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان قونصل جنرل کا قومی ترانے کے احترام میں کھڑا نہ ہونا سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے کیونکہ سفارتی آداب کے تحت کسی بھی ملک کا سفارتی عملہ تعیناتی کے دوران میزبان ملک کے قوانین پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کے بغیر افغانستان کی عبوری حکومت سے مذاکرات کا اعلان کیا تھا جسکے بعد انکی پشاور میں افغان قونصل جنرل سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp