ملاقات کے دوران صوبے میں امن اور ترقی کے امور پر اہم تبادلہ خیال
قیام امن کیلئے سیاسی اختلافات بھلا کر متحد ہونا ضروری ہے، گورنرخیبرپختونخوا
اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سیاسی قیادت کا متحد ہونا ضروری ہے، ایمل ولی خان
پشاور (غگ رپورٹ)خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صدر ایمل ولی خان نے ایک اہم ملاقات کی جس میں صوبے کو درپیش چیلنجز، خصوصاً امن و امان کی صورتحال، سیاسی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کو صوبے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے جہاں سیکیورٹی خدشات اور عوامی مسائل پر سیاسی قیادت کے درمیان تعاون کی ضرورت کو شدت سے محسوس کیا جا رہا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران ایمل ولی خان نے صوبے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور عوامی مشکلات پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام طویل عرصے سے امن و امان کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سیاسی قیادت کا متحد ہونا ضروری ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے کی موجودہ صورتحال ان تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے۔ قیام امن کے یکطرفہ نکتہ پر سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہونا ضروری ہے۔