وہ خودساختہ گمشدگی کے باعث اسلام آباد سے غائب ہوئے تھے، ایسے ڈراموں کا جواب دینا ہوگا، گورنرخیبرپختونخوا
پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو کالعدم ٹی ٹی پی کی رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، فیصل کریم کنڈی کی گفتگو
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سیاسی مفادات کے لیے بعض دیگر جرائم اور ڈرامہ بازیوں کے علاوہ اپنی ہی پارٹی کے سابق وزیر اسرار گنڈاپور کو قتل کرایا تھا۔ آج جب وہ اپنی خواتین اور رشتہ داروں کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو یہ بات انہیں اسرار گنڈاپور کو شہید کراتے وقت کیوں یاد نہیں آئی۔
وزیر اعلیٰ کی گمشدگی اور اسمبلی میں کئے گئے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پر سابق وزیر اسرار گنڈاپور کو قتل کرانے کی ایف آئی آر درج ہے جن کو محض اس لئے راستے سے ہٹایا گیا کہ وہ موصوف کے سیاسی مخالف تھے۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق وزیراعلیٰ کی حکومت اور ان کی پارٹی نہ صرف طالبان کی حمایت اور سرپرستی کرتی رہی ہیں بلکہ طالبان بھی ان کے کام آتے رہے ہیں اور ان لوگوں نے خیبرپختونخوا کو کالعدم ٹی ٹی پی کی رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اسلام آباد سے خود ساختہ گمشدگی کا ڈرامہ رچاکر ڈرامہ بازیوں کی اپنی روایت کو زندہ رکھا ہے اور اسمبلی میں کی گئی ان کی تقریر کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جس طریقے سے انہوں نے ریاست پر الزامات لگائے اور خود اپنی پارٹی،حکومت کو خود ساختہ گمشدگی کے ذریعے چکمہ دینے کا راستہ ہموار کیا وہ پورا ڈرامہ بے نقاب ہوگیا ہے۔انہیں ایسے مزید ڈراموں کی اجازت اور سہولت نہیں دی جائے گی۔
گورنر کے بقول ایک بار پھر صوبے کے وسائل کو پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کیا گیا اور صوبائی حکومت کو ایک باقاعدہ بغاوت کے لیے بے رحمی سے استعمال کرنے کی مثال قائم کی گئی۔