واقعہ ہتھالہ کے قریب پیش آیا، ٹانک سے آنے والے ججز کے اسکواڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی، ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان
پشاور(غگ رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور گورنر کے آبائی علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعہ کے روز ججز کے اسکواڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ججز کی سیکیورٹی پر مامور دو محافظ شہید ہوگئے۔ ڈی ایس پی حافظ محمد عدنان کے مطابق واقعہ ہتھالہ کے قریب پیش آیا جہاں ٹانک سے آنیوالے ججز کے اسکواڈ پر فائرنگ کی گئی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور 2 محافظ شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
واضح رہے کہ غگ ڈاٹ پی کے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے سات مہینوں میں دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آئے ہیں جو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا آبائی علاقہ بھی ہے۔