GHAG

شانگلہ میں پولیس چوکی پر راکٹ حملہ، دو اہلکار شہید، تین زخمی

17-12-2024

حملہ تحصیل چکیسر کی گنانگر چیک پوسٹ پر کیا گیا، چوکی انچارج اور کانسٹیبل شہید، پولیس

حملے میں محرر اور پولیس کانسٹیبل سمیت تین اہلکار زخمی ہوئے، پولیس

گزشتہ روز بھی فائرنگ کے تین واقعات میں دو پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر شہید ہوئے تھے

پشاور(غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ تحصیل چکیسر میں دہشت گردوں کی جانب سے رات گئے پولیس چوکی پر راکٹ حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق تحصیل چکیسر کی گنانگر پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشتگردوں نے حملہ کیا اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔

حملے میں محرر اور پولیس کانسٹیبل سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں بٹگرام ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز فائرنگ کے 3 واقعات میں 2 پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر جاں بحق ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز ضلع کرک میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیو ورکر محفوظ رہے تھے، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

بنوں میں بھی مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر شہید ہوگیا تھا۔

ادھرصوابی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل شہید ہوگیا تھا، فائرنگ کا واقعہ تھانہ فارمولے کی حدود میں پیش آیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp

Related Posts