GHAG

بنوں پولیس پر ایک اور حملہ، 5 دہشت گرد ہلاک، 4 پولیس اہلکار شہید

پانچ برقعہ پوش دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا،رپورٹس

رواں برس 15جولائی کو بھی بنوں میں ایسا ہی حملہ کیا گیا تھا

پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کے اہم شہر بنوں میں واقع ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈکوارٹر پر گذشتہ روز پانچ برقعہ پوش دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کیا جس میں گیٹ پر تعینات 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب پولیس ہیڈکوارٹر میں شہید ہونے والے اس پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ ادا کی جارہی تھی جن کو ایک روز قبل بکاخیل ایریا میں دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق جن پانچ دہشت گردوں کو فورسز نے ہلاک کردیا ہے وہ برقعے پہن کر ایک رکشہ میں پولیس ہیڈکوارٹر کے مین گیٹ پر پہنچ کر بھاری ہتھیاروں کے ساتھ گیٹ پر تعینات 4 پولیس اہلکاروں پر اچانک حملہ آور ہوئے۔

فورسز نے کافی دیر تک کامیاب حکمت عملی کے تحت ان کو نہ صرف انگیج کیے رکھا بلکہ سب کو ہلاک بھی کردیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسی برس 15 جولائی کو دہشت گردوں کے ایک گروپ نے بنوں کنٹونمنٹ کے داخلی ایریا میں ایک بڑا حملہ کردیا تھا جس کے ردعمل میں فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 10 حملہ آور ہلاک کردیے تھے۔

حالیہ حملے کی اطلاع پاکر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس کو فوری طور پر بنوں پہنچنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی جبکہ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے لیے پیکج کا حکم بھی جاری کردیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp