پی ٹی آئی اسلام آباد میں لاشیں ڈھونڈنے کی بجائے کرم کی لاشوں کا جواب دیں، بلاول بھٹو زرداری
اگر اپنے لیڈر کو رہائی دلوانا مقصود ہے تو صوبائی حکومت چھوڑ دیں، چیئرمین پی پی
خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی کوئی ضرورت نہیں ہے، خواجہ آصف
خیبرپختونخوا حکومت بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کرتی ہے فیصلہ کیا گیا تو گورنر راج نافذ کردیں گے،گورنر خیبرپختونخوا
پی ٹی آئی نے سیاسی مقاصد کے لیے پختونوں کو استعمال کیا، آفتاب احمد خان شیرپاؤ
پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں بلکہ ایک دہشت گرد گروپ ہے، عطاء تارڑ
پشاور (غگ رپورٹ) اہم سیاسی قائدین اور حکومتی عہدیداروں نے پی ٹی آئی کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس پارٹی کو سیاسی بحران اور پرتشدد سرگرمیوں کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم تاسیس پر ویڈیو خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں امن کا قیام اور معاشی استحکام شامل ہی نہیں ہے اگر ایسا ہوتا تو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پاڑاچنار کی 100 لاشوں کی فکر کی بجائے اسلام آباد میں لاشیں ڈھونڈنے کا پروپیگنڈا نہ کرتی ۔ ان کے مطابق اگر صوبائی حکومت کی ترجیح صرف اپنے بانی کو تشدد کے ذریعے رہائی دلانی ہے تو وہ خیبرپختونخوا حکومت چھوڑ کر اسی پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مجوزہ گورنر راج کے بارے میں تاحال ان کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی ہے مگر پارٹی کو صوبے کے حالات پر سخت تشویش ہے۔
خواجہ آصف، وزیردفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق پی ٹی آئی ایک شدت پسند اور شر پسند جھتہ ہے اور اسلام آباد میں اس پارٹی اور اس کی صوبائی حکومت نے جو کچھ کیا قانونی طریقے سے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور کسی شر پسندی کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی، گورنرخیبرپختونخوا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک انٹرویو اور خطاب میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی رٹ دیگر علاقے تو ایک طرف پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی قائم نہیں ہے جو کہ وزیر اعلیٰ کا ضلع ہے۔ اسی لئے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اے پی سی بلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وفاق نے گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا وہ ایسا کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔
آفتاب احمد خان شیرپاؤ، چیئرمین قومی وطن پارٹی
قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں موجود سیاسی کشیدگی اور صوبے کی بدامنی پر سب کو تشویش لاحق ہے تاہم سب سے افسوسناک امر یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے نہ صرف پشتونوں کو سیاسی مقاصد کے لیے بار بار استعمال کیا بلکہ صوبے کے سرکاری وسائل بھی اس محاذ آرائی میں استعمال کیے۔
عطاء تارڑ، وفاقی وزیراطلاعات
وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گردوں اور شرپسندوں کا ایک منظم جھتہ ہے جس نے متعدد بار مسلح ہوکر خیبرپختونخوا حکومت کی سرپرستی میں اسلام آباد پر چڑھائی کی اور اس پارٹی کے ساتھ ایک شر پسند گروپ کے طور پر سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔