بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کا وزیر اعلیٰ گنڈاپور پر سخت دباؤ ،مشعال یوسفزئی کو پھر سے کابینہ میں شامل کرنے کی اطلاعات
پشاور (غگ رپورٹ) خیبرپختونخوا کی کابینہ اور گورننس کے معاملات مذاق بن کر رہ گئے ہیں اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی فیملی کے درمیان اپنے پسندیدہ لوگوں کو صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کی لابنگ اور دباؤ نے مزید شدت اختیار کرلی ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے صوبائی کابینہ سے فارغ کرنے والی مشعال یوسفزئی کو ایک بار پھر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی براہ راست ہدایات پر کابینہ میں شامل کیا جارہا ہے اور بعض ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس نے اس ضمن میں ری نوٹیفکیشن کی سمری گورنر ہاؤس کو بھجوائی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشعال یوسفزئی کو کابینہ کے متعدد اہم ارکان اور ممبران اسمبلی کی شکایات کے علاوہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی براہ راست مداخلت اور مطالبے پر کابینہ سے فارغ کردیا گیا تھا تاہم بشریٰ بی بی نے اس اقدام کا نہ صرف سخت نوٹس لیا بلکہ جیل میں رہتے ہوئے بھی بانی چیئرمین سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو حکم جاری کرایا کہ موصوفہ کو فوری طور پر دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جائے۔